مزار بی بی پاکدامن کو 31 دسمبر تک زائرین کیلئے کھول دیا جائیگا: محسن نقوی

Published On 26 December,2023 11:02 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ مزار بی بی پاکدامن کو 31دسمبر تک زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزار بی بی پاکدامن کی تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا، محسن نقوی نے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور جاری کاموں کا مشاہدہ کیا، انہوں نے مزار کے مرکزی حصے اور گنبدوں کی تزئین و آرائش کے کام کا مشاہدہ کیا، مزار کی چھت اور گنبدوں کا معائنہ بھی کیا۔

محسن نقوی نے دئیے جلانے کیلئے علیحدہ جگہ مختص کرنے اور مزار کے مرکزی حصے میں خوبصورت لائٹس لگانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزار کی تزئین و آرائش کے تمام کام اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کئے جائیں، مزار کے راستے کو کشادہ کرنے کا کام جلد مکمل کیا جائے، راستہ کشادہ ہونے سے زائرین کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔

وزیراعلیٰ نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری اوقاف کو منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے ہدایات دیں، محسن نقوی نے مزار پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی، استحکام اور فلسطینی مسلمانوں کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی۔

صوبائی وزراء منصور قادر، اظفر علی ناصر، عامر میر، مشیر وہاب ریاض، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹریز، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور، سی ٹی او لاہور، چیف انجینئر بلڈنگز محکمہ تعمیرات و مواصلات، ڈائریکٹر پراجیکٹس محکمہ اوقاف، آغا شاہ حسین قزلباس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔