ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کیلئے وزراء کو ذمہ داریاں تفویض

Published On 24 December,2023 12:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں زیر تعمیر منصوبوں کی مانیٹرنگ کیلئے وزراء اور افسروں کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء عامر میر، بلال افضل، منصور قادر، ابراہیم حسن مراد، صوبائی مشیر وہاب ریاض، آئی جی اور دیگر افسران شریک تھے۔

محسن نقوی نے زیر تکمیل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کیلئے وزرا اور افسروں کوذمہ داریاں سونپ دیں۔

صوبائی وزیر عامر میرجنرل ہسپتال، ابراہیم حسن مراد میو ہسپتال اور وہاب ریاض ڈینٹل ہسپتال کے پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کریں گے، ڈاکٹر جاوید اکرم چلڈرن ہسپتال، سیکرٹری ٹورازم گنگارام ہسپتال اور کمشنر لاہور پی آئی سی کے پراجیکٹس کی نگرانی کریں گے۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر کو راولپنڈی کے پراجیکٹس اور صوبائی وزیر بلال افضل کو لاہور رنگ روڈ ایس ایل تھری، گوجرانوالہ ایکسپریس وے پراجیکٹس کی مانیٹرنگ سونپ دی گئی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب بہاولپور اور کمشنر ملتان متعلقہ ڈویژن کے پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزراء کو روزانہ دو مرتبہ پراجیکٹس کا وزٹ کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ واٹس ایپ کرنے کی ہدایت کی ہے، محسن نقوی نے سپیشل برانچ اور دیگر اداروں کو بھی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، کسی غفلت یا کوتاہی کے متحمل نہیں ہوسکتے، پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے شب روز محنت کی ضرورت ہے۔