ملک میں تکنیکی تعلیم کو جدید بنانے کیلئے ایچ ای سی اور مائیکرو سافٹ میں معاہدہ

Published On 14 December,2023 11:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں تکنیکی تعلیم کو مزید جدید بنانے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور مائیکرو سافٹ میں ایجوکیشن ٹرانسفارمیشن ایگریمنٹ (ای ٹی اے) طے پا گیا۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وفاقی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن حسن ناصر جامی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنانا صرف انتخاب نہیں بلکہ ہماری تیزی سے ترقی کرنے والی دنیا میں ایک سٹریٹجک ضرورت ہے، حکومت پاکستان جدید ٹیکنالوجی کے حصو ل کیلئے کوشاں ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایچ ای سی مائیکرو سافٹ کے ساتھ مل کر تعلیم میں ٹیکنالوجی کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے۔

کنٹری پرنسپل آفیسر اور ریجنل ایجوکیشن لیڈ مائیکرو سافٹ جبران جمشید نے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی نظام تبدیلی کی دہلیز پر کھڑا ہے، ایچ ای سی کے ساتھ معاہدہ جدت کو فروغ دینے، نوجوانوں کو مستقبل کیلئے درکار ہنر سے آراستہ کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔