لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ عوام نواز شریف کو آخری امید کے طور پر دیکھ رہے ہیں، قائد ن لیگ ملک کو آزمائش سے نکالیں گے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ہم نے دسمبر 2021 میں کہا تھا کہ نوازشریف وطن واپس آئیں گے، عوام نوازشریف کو آخری امید کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، دوست ممالک کا اعتماد صرف نوازشریف پر ہے، قائد ن لیگ نے ملک کو دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالا۔
ملک کو نوازشریف کی ضرورت ہے: مریم اورنگزیب
سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وقت میں ہم پر مقدمات بنائے گئے، جو لوگ آج جیل میں ہیں وہ اللہ پاک کی پکڑ میں ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی، لاڈلا تو وہ ہے جس نے ملک کو تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ 16 ماہ میں شہبازشریف نے ملک کو سری لنکا بننے سے بچایا، اس ملک کو نوازشریف کی ضرورت ہے، 21اکتوبر کو محمد نوازشریف واپس آئیں گے اور اپنا ویژن دیں گے، 15 سے 16 سال کے بچوں کو بھی پتا ہے کہ اس ملک میں لوڈشیڈنگ کس نے ختم کی۔
سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف عدالتوں اور جیلوں سے بھاگ کر نہیں گئے تھے، قائد مسلم لیگ ن واپس آ کر پھر سے سب کچھ ٹھیک کریں گے، پاکستان کے عوام جس کو ووٹ دیں گے، اقتدار پر اس کا حق ہے۔