اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی

Published On 10 October,2023 10:08 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اسحاق ڈار اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، سابق وزیر خزانہ عدالت پیش نہ ہوئے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں اسحاق ڈار کے وکیل جبکہ نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی پیش ہوئے، شریک ملزمان کے وکلاء نے دو ماہ تک کیس ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔

نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے کہا کہ یہ ریفرنس لاہور ریجن کا بنتا ہے، وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا یہ ریفرنس اس سے قبل بند ہوگیا تھا۔

بعدازاں جج محمد بشیر نے آئندہ سماعت پر احتساب عدالت کے دائرہ اختیار سے متعلق دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔