لاہور میں بارش سے موسم خوشگوار، کئی فیڈر ٹرپ ہو گئے

Published On 09 October,2023 09:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہر لاہور میں بادلوں کے بسیرے، اچانک سے تیز ہوا کے ساتھ کالی گھٹائیں چھا گئیں، تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ شملہ پہاڑی ،ایبٹ روڈ ،مال روڈ ،گڑھی شاہو سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش شروع ہو گئی۔

صوبائی دار الحکومت لاہور اور گرد و نواح میں گرد آلود ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے ساتھ ہی بارش برسنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، ٹھنڈی ہواؤں اور بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آ گئی، درجہ حرارت میں اگلے روز بھی کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایئرپورٹ پر 10، گلبرگ میں 16 اور لکشمی چوک میں 28 ملی میٹر بارش ہوئی، اپرمال میں 8، مغلپورہ میں 17 ، تاجپورہ میں 15 ملی میٹر جبکہ پانی والا تالاب میں 24، فرخ آباد میں 3، سمن آباد میں 13، قرطبہ چوک میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آندھی اور بارش سے شہر میں بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا، لیسکو کے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈر ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے، بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فیصل آباد میں بھی گرد آلود ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت کم ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔