اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی اپنے شوہر چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی سے متعلق درخواست پر اعتراضات دور کرتے ہوئے 5 اکتوبر کو سماعت کے لئے مقرر کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے بشریٰ بی بی کی اپنے شوہر کی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کے لئے دائر درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کی، بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ درخواست پر اعتراض لگایا گیا ہے، آپ کی درخواست میں استدعا کیا ہے؟
وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو خطرہ ہے، ان پر وزیرآباد میں بھی حملہ ہوچکا ہے، جیل میں سکیورٹی اورحقوق کے تحفظ کیلئے درخواست دائرکی ہے۔
لطیف کھوسہ کے جواب پر عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے درخواست 5 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔