نگران وزیر اعظم کی ترکیہ میں دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت

Published On 01 October,2023 04:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ترکیہ کی پارلیمنٹ سے متصل پولیس ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں برادر ملک ترکیہ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں، مجھے پوری امید ہے کہ ترکیہ، میرے بھائی رجب طیب ایردوان کی قیادت میں دہشتگردی کے اس چیلنج پر جلد قابو پا لے گا۔

خیال رہے کہ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں وزارت داخلہ اور پارلیمنٹ کے باہر دہشت گردانہ حملہ ہوا جس میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ترک پارلیمنٹ کے قریب خودکش دھماکہ ، 2پولیس اہلکار زخمی

ترکیہ کی وزارت داخلہ نے اس متعلق بتایا کہ دھماکا خودکش تھا، 2 دہشت گرد صبح ساڑھے 9 بجے گاڑی میں سوار ہو کر آئے جن میں سے ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ دوسرا دہشتگرد سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔