صدر مملکت سے برطانوی اراکین پارلیمنٹ اور پاکستانی و کشمیری نژاد برطانوی شہریوں کی ملاقات

Published On 28 September,2023 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے برطانوی اراکین پارلیمنٹ اور پاکستانی و کشمیری نژاد برطانوی شہریوں کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت لیبر فرینڈز آف کشمیر یو کے کے چیئرمین اینڈریو گیوین نے کی۔

ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، صدر مملکت اور وفد نے ہندوستان میں اقلیتوں پر ظلم و ستم پر بھی اظہارِ تشویش کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے، ہندوستان مسلمانوں کی نسل کشی، اقلیتوں پر ظلم و ستم اور جبر میں ملوث ہے، بھارت منی پور میں گرجا گھروں کو جلانے، تباہ کرنے میں ملوث ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عید میلاد النبیﷺ : صدر مملکت کا قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کااعلان

عارف علوی نے کہا کہ بھارت علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اقلیتی برادریوں کے رہنماؤں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہے، انتہا پسند ہندوتوا نظریہ سے متاثر ہونے سے بھارتی نفسیات بدل رہی ہے، بھارت کشمیری عوام کو ان کی اپنی سرزمین میں اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، دنیا بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں اپنی غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کو واپس لے۔

برطانوی ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے جاری تشدد اور بربریت ناقابل قبول ہے، برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کاز کی حمایت کرتے رہے ہیں، جموں اور کشمیر کے لوگوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر کے بھارت وادی کے آبادیاتی ڈھانچے کو بدل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا سکھ رہنما کے قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لے، صدر مملکت کی اپیل

برطانوی وفد نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ میں تعلیم اور کاروبار کے شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں، مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، وفد نے ہندوستانی گجرات اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی حالت زار پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صدر عارف علوی نے کشمیر کاز کی حمایت پر برطانیہ میں کشمیری باشندوں اور برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان کو سراہا۔