کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی، گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے 5 وزراء سے حلف لیا، حلف اٹھانے والوں میں جان اچکزئی، امجد رشید، ڈاکٹر قادر، کیپٹن ریٹائرڈ زبیر جمالی اور پرنس احمد شامل ہیں۔
تقریب حلف برداری میں نگران وزیراعلیٰ علی مردان خان ڈومکی، سیکرٹریز کےعلاوہ مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بھی شرکت کی۔
نگران وزیراعلی بلوچستان نے نگران کابینہ کو محکمے تفویض کر دیئے، نگران صوبائی وزیر کیپٹن (ر) زبیر جمالی کو داخلہ و قبائلی امور جیل خان جات اور پی ڈی ایم اے کا قلمدان دے دیا گیا، نگران صوبائی وزیر امجد رشید کو خزانہ اور ریونیو نگران صوبائی وزیر جان اچکزئی کو محکمہ اطلاعات کے قلمدان دیئے گیۓ۔
نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر قادر بخش بلوچ کو محکمہ تعلیم اور سیاحت کا قلمدان دیا گیا، نگران صوبائی وزیر پرنس احمد علی احمد زئی کو صنعت کامرس توانائی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے محکموں کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔
حلف برداری کی تقریب کے بعد علی مردان ڈومکی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا نگران کابینہ میں 14 وزراء اور باقی ایڈوائرز ہوں گے، جلد ہی دوسرے مرحلے میں مزید نگران وزراء حلف اٹھائیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا امن وامان کی بہتری کے لئے اقدامات کررہے ہیں، ناراض لوگوں سے آئین کے دائرہ میں بات کرنے کوتیارہیں، جو پہاڑوں سے اترے گا اسے ویلکم کہیں گے، نگران حکومت کاکام صاف وشفاف الیکشن کرانا ہے۔