مظفر آباد: (دنیا نیوز) بھارت میں قید حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کیلئے اہلیہ مشال ملک اور ان کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے اقوام متحدہ میں قرارداد جمع کرا دی۔
حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کیلئے ان کی اہلیہ اور بیٹی مظفر آباد پہنچیں، رضیہ سلطانہ نے اقوام متحدہ میں قرارداد جمع کرائی، جس میں اقوام متحدہ سے یاسین ملک کو انصاف دلانے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یاسین ملک سے اظہار یک جہتی کیلئے لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، لوگوں نے ’’یاسین ملک کو رہا کرو‘‘ کے نعرے لگائے۔
مشال ملک نے کہا کہ مودی انتخابات جیتنے کیلئے کچھ بھی کر سکتا ہے، یاسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے کہا ’’میں اپنے بابا سے ملنا چاہتی ہوں، ان کے ساتھ کھیلنا چاہتی ہوں، سب ان کے لیے آواز اٹھائیں۔‘‘
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ آزاد کشمیر عبدالماجد خان نے کہا کہ رضیہ سلطانہ نے اقوام متحدہ میں ایک اور قرار داد جمع کرائی ہے، مقبوضہ کشمیر میں کوئی انسانی حقوق نہیں ہیں، بھارت کا چہرہ مزید بدنما اور بد کردار ہو چکا ہے، مودی نے گجرات میں جو کیا وہی کشمیر میں بھی کرنا چاہتا ہے، دنیا کو چاہیے کہ رضیہ سلطانہ کی آواز سنے۔
رکن آزاد کشمیر اسمبلی پیر محمد مظہر نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے خود ارادیت کے وعدے کی تکمیل چاہتے ہیں، کشمیریوں کی تین نسلیں وعدے کی تکمیل کا انتظار کر رہی ہیں، بھارت میں آر ایس ایس کے غنڈے علاقے خالی کرا رہے ہیں۔