اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر علی خان نے کچہری میں 6 مقدمات کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست کر دی۔
سابق وزیر اعظم کیخلاف آج 6 مقدمات کی سماعت اسلام آباد کچہری میں مقرر ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی خان نے مقدمات کی جوڈیشل کمپلیکس منتقلی کیلئے چیف کمشنر آفس اسلام آباد کو خط لکھ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: توہین الیکشن کمیشن کیس:چیئرمین پی ٹی آئی پیش، 2 اگست کو فرد جرم عائد ہوگی
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں درج 6 مقدمات کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا کی عدالت میں مقرر ہے، 24 جولائی کو کچہری پیشی کے موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کے اوپر سخت چیز پھینکی گئی، کچہری پیشی پر کمرہ عدالت میں بھگدڑ کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے لکھا کہ کچہری میں پیشی کے دوران سخت سکیورٹی خدشات کا سامنا ہے، آج 6 مقدمات کی سماعت کو کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کر دیا جائے، پی ٹی آئی قانونی ٹیم کو چیف کمشنر آفس کی جانب سے منتقلی کی درخواست پر تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔