اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر نے اسلام آباد پولیس شہدا ماڈل کالج بنانے کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد پولیس اہلکاروں کے بچے اب کم خرچ پر معیاری تعلیم حاصل کرسکیں گے، اسلام آباد پولیس شہدا کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر مفت تعلیم دی جائے گی، کالج میں پولیس شہداء اور اہلکاروں کے بچے نرسری تا انٹرمیڈیٹ معیاری تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
کالج کے قیام کے کچھ عرصے بعد اس کو کیڈٹ کالج کا درجہ دے دیا جائے گا، وفاقی وزیر تعلیم نے کالج کی منظوری شہدائے پولیس کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دی۔
کیپٹل پولیس ہسپتال کی منظوری کے بعد یہ اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی ویلفیئر کے لئے سب سے بڑا اقدام ہوگا، روایتی تعلیم کے ساتھ سکلز ایجوکیشن دینے والا یہ پہلا کالج ہوگا، کالج پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں بنایا جائے گا۔