اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج نہ کرنے کی درخواست کردی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی نیشل پارٹی کا پی ڈی ایم کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی کہ کچھ روز قبل بھی ملک میں حالات خراب ہوئے، وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ پی ڈی ایم ڈی چوک پر احتجاج کرے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم نے ڈی چوک میں ریلی کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت طلب کرلی
مولانا فضل الرحمان نے اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اعلان کر چکے ہیں، فیصلہ اب عوام کی عدالت میں ہوگا، ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیر کو سپریم کورٹ کے باہر احتجاج اور دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بھی احتجاج میں شرکت کا اعلان کر چکی ہیں۔