اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فوج کے جوان دفاعِ وطن کے جذبے سے سرشار ہو کر عید الفطر کے موقع پر بھی سرحدوں پر ملک و قوم کی حفاظت پر مامور ہیں۔
پاکستانی قوم جہاں ایک جانب عید کی خوشیاں منا رہی ہے، وہیں ارض پاک کی سرحدوں پر تعینات قوم کے بیٹے کھانا، مٹھائی اور ملی نغموں کے ساتھ اپنا فرض ادا کر رہے ہیں، چونکہ دفاعِ وطن کا جذبہ صرف جان ہتھیلی پر رکھنے کا متقاضی نہیں ہوتا، بلکہ یہ اس میں دلوں کے ارمان بھی قربان کرنا پڑتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستانی فوجی جوان قوم کی خوشیوں کی خاطر قربانیاں دے رہی ہے۔
وطن عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لئے پُرعزم مشرقی و مغربی سرحدوں پر مامور پاک فوج کے بہادر اور جری جوان عید الفطر کے موقع پر بھی اپنوں سے دُور دفاعِ وطن کے لئے ملک دُشمنوں کے سامنے سینہ سپر ہیں۔
پاک فوج کے یہ محافظ سیاچن کے برف پوش پہاڑوں سے لے کر بلوچستان کی سنگلاخ چٹانوں تک، سندھ کے تپتے صحراؤں سے لے کر وزیرستان کے پہاڑوں تک اپنی عیدیں سرحدوں کی حفاظت کے لئے قربان کرتے ہیں۔