سیلاب اور بارش سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کی فرضی مشقیں

Published On 14 March,2023 08:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کی جانب سے سیلاب اور بارش کے حوالے سے ہنگامی صورتحال پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

پہلی مشق کا انعقاد وزارت موسمیاتی تبدیلی، یونیسف اور ولٹ ہنگر ہلف کے تعاون سے اسلام آباد میں ہوا، وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، چیئرمین این ڈی ایم اے اور کنٹری ہیڈ ڈبلیو ایف پی نے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔

شیری رحمٰن نے سیلاب کے بعد پائیدار ترقی اور بحالی کا باعث بننے والے مکمل پاکستان کے نقطہ نظر پر زور دیا، شیری رحمان نے آفات کے خاتمے کیلئے تعاون کی اہمیت اور سرکاری اداروں، انسانی ہمدردی کی تنظیموں، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا کہ فرضی مشقیں این ڈی ایم اے کے جدید تیار کردہ قومی تیاری اور رسپانس سسٹم کا حصہ ہیں، مشقوں کو صوبائی اور ضلعی سطح تک لایا جائے گا، مشقوں کا مقصد ہنگامی حالات کے لیے چوکس اور تیار رہنے کی اہمیت کو واضح کرنا ہے۔

این ڈی ایم اے چیئرمین نے کہا کہ مشقوں کے ذریعے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مجموعی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، ہنگامی ریسپانڈرز، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، مسلح افواج نے مشقوں میں حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں جمعرات سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

فرضی مشقوں میں پی ایم ڈی، ایف ایف سی، ریسکیو 1122، اقوام متحدہ کی تنظیموں، این جی اوز نے حصہ لیا، کوآرڈی نیٹنگ فیڈریشن کے نمائندوں اور صوبائی محکموں نے مشقوں میں شرکت کی، مشقیں رسپانس سکلز، رابطے کے پروٹوکول اور فیصلہ سازی کے عمل میں معاون ثابت ہوں گی۔