لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین سے 27 مارچ کو جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تعیناتی کیخلاف متفرق درخواست پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے متفرق درخواست دائر کر رکھی ہے۔
دوران سماعت وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ نگران حکومت 90 دن کیلئے آئی ہے اور عدالت میں ابھی تک جواب جمع نہیں کروایا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر 3 فروری کو نوٹس جاری ہوئے، لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعلیٰ کی تعیناتی کے حوالے سے وجوہات طلب کیں لیکن الیکشن کمیشن نے وجوہات نہیں بتائیں۔