اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے حج انتظامات کیلئے وزارت مذہبی امور کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔
وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، ملاقات میں حج پالیسی، سپانسر شپ سکیم، سعودیہ میں رقوم کی ادائیگی اور فاٹا اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حجاج کیلئے زرمبادلہ کے انتظام کا عندیہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدوں کے باعث ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان گھٹیا سیاست کر کے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اسحاق ڈار
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی آسانی اور سہولت کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی، وزیر خزانہ نے حج انتظامات کیلئے وزارت مذہبی امور کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔
ذرائع کے مطابق سپانسر شپ حج سکیم کا کوٹہ 50 فیصد مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جا چکا ہے، دیگر 50 فیصد حج کوٹہ سرکاری اور نجی حج سکیم کیلئے مختص کیے جانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حج سپانسر شپ سکیم صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا ان کے عزیز و اقارب کیلئے ہے، بیرون ملک سے مخصوص اکاؤنٹ میں غیر ملکی زرمبادلہ بھجوانے والے پاکستانی اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے، سپانسر شپ سکیم میں شمولیت کیلئے پاکستانی پاسپورٹ لازم ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریگولر حج سکیم کے تحت پاکستانی نامزد بینکوں میں حسب سابق حج درخواستیں جمع ہوں گی، موجودہ ڈالر ریٹ کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔
— Ministry of Finance (@FinMinistryPak) March 4, 2023
اگلے ہفتے کابینہ سے منظوری ملتے ہی وزیر مذہبی امور حج درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ اعلان کریں گے، سرکاری حج سکیم کی درخواست کی وصولی 13 مارچ سے شروع کرنے کا امکان ہے۔