عوام کے تعاون سے دہشت گردوں کو ختم کریں گے: وزیر داخلہ بلوچستان

Published On 18 February,2023 10:33 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا ہے کہ ہر چیز کا الزام حکومت پر مت لگایا جائے، امن وامان کے مسئلے کو حکومت کنٹرول کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

اپنے بیان میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا حکومت کارروائی کرتی ہے تو مطالبہ کرنے والے خود سڑکوں پر آ جاتے ہیں، فورسز کو نشانہ بنانے والوں سے نمٹنا حکومت کی ذمہ داری ہے، سکیورٹی کے حوالے سے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام ادارے ملکر کام کر رہے ہیں، بلوچستان میں تمام غیر ضروری چیک پوسٹس ختم کر دی ہیں۔

ضیاء لانگو نے مزید کہا کہ ہم ملک کا دفاع ضرور کریں گے، دہشت گردوں کو عوام کے تعاون سے ختم کریں گے، صوبے کے ہر علاقے میں امن و امان بحال رکھنے والے اداروں کو سہولیات ملنی چاہیئں، ہمیں حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والوں کو بھی بے نقاب کرنا چاہیے۔