آزاد کشمیر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا فیصلہ

Published On 16 January,2023 10:44 pm

مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا، مالی بحران کے باوجود کم آمدنی والے عوام پر آٹے کا بوجھ نہیں ڈالیں گے، پی ٹی آئی کی حکومت آزاد کشمیر کو فلاحی ریاست بنانے کی راہ پر گامزن ہے، محکمہ خوراک کی طرف سے آٹے کی قیمتوں میں کیا گیا نیا اضافہ واپس لے رہے ہیں۔

سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں پنجاب اور کے پی کے سے بھی کم قیمت پر آٹا دے رہے ہیں، ضرورت مند طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے تعین پر تیزی سے کام جاری ہے، مالی طور پر مستحکم طبقہ سبسڈی والا آٹا ضرورت مندوں تک پہنچانے میں کردار ادا کرے۔