عمران نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھ کر فیصلے کیے: چودھری پرویز الٰہی

Published On 07 January,2023 03:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان فیصلے کرتے وقت ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی افضل ساہی اور وکیل فیصل چوہدری نے ملاقات کی جس میں جہلم اور فیصل آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے جبکہ پی ڈی ایم والوں کی نیت میں بھی کھوٹ ہے اور سیاست میں بھی، پی ڈی ایم کی حکومت نے چند ماہ کے اندر معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔

پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا پی ڈی ایم کے لوگوں نے اپنی کھوٹی سیاست کی خاطر ملک کو داؤ پر لگایا ہوا ہے، یہ اپنی نام نہاد سیاست بچانے کے لیے ملک سے کھلواڑ کر رہے ہیں، عوام پی ڈی ایم کی حکومت کو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، عمران خان نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھ کر فیصلے کیے ہیں۔

اس موقع پر فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا وکلا برداری کی فلاح و بہبود کے لیے چوہدری پرویز الٰہی کا جذبہ قابل قدر ہے جبکہ افضل ساہی کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی نے مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔