لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیر آباد حملے کی تحقیقات کے لئے قائم جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون نہیں کیا جا رہا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’نقطہ نظر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ میاں داؤد کی پریس کانفرنس کو پی ٹی وی پر کس کے کہنے پر چلوایا گیا، اگر عمران خان کا قتل ہو جاتا تو کہا جاتا دینی انتہا پسند تھا اللہ اللہ خیر سلا، ان کا عمران خان کو مارنے کا پلان فیل ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق جس پر حملہ ہو اس کا ایف آئی آر درج کروانا حق ہے، جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون نہیں کیا جا رہا، ایف آئی آر کا درج نہ ہونا اور ڈی پی او گجرات کے عہدے پر رہنے پر بھی سوال بنتا ہے۔