اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اداکاراؤں کی کردار کشی کرنے والے عناصر کے خلاف ایف آئی اے سے قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اداکاراؤں کی کردار کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بدتمیزی، بدتہذیبی اور کردار کشی کی غلیظ مہم کا کلچر پھیلانے والوں کی پورے معاشرے کی طرف سے مذمت ہونی چاہئے، صرف اپنی ماؤں بہنوں کی عزت کی فکر اور باقی دنیا کی عورتوں کی عزت نہ کرنے والے عناصر ذہنی بیمار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز جنوری کے تیسرے ہفتے وطن واپس آئیں گی
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اختلاف رائے کرنے والوں کو گالیاں دینا، ماؤں بہنوں بیٹیوں کی عزت نہ کرنا گھریلو تربیت کی علامات ہوتی ہیں، اداکار ملک کا اثاثہ اور پاکستان کی پہچان ہیں، بیمار ذہن ہی ان پر حملے کرتے ہیں، فنکار معاشرے میں اپنی محنت سے مقام حاصل کرتے ہیں، فنکار مشکلات کا سامنا کر کے قبولیت عام پاتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ خواتین کے خلاف یہ بدنما مہم صرف عورت ہونے کی وجہ سے چلائی جاتی ہے، عورتوں کی محنت، جدوجہد اور صلاحیتوں کا اعتراف کرنے کے بجائے گند اچھالنا شرمناک ہے، خواتین حوصلے، ہمت اور منزل کو حاصل کرنے کے عزم کی علامت بن چکی ہیں، خواتین سیاست، صحافت، فن یا کسی بھی شعبے میں کوئی مقام پائیں تو ان کی کردار کشی شروع کر دی جاتی ہے۔