سی ٹی ڈی آفس بنوں میں آپریشن، مزید تفصیلات جلد جاری کی جائینگی، آئی ایس پی آر

Published On 20 December,2022 06:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی آفس بنوں میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے، آپریشن کی مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن جلد مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد کارروائی کی مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ آج صبح کی کارروائی کے دوران بنوں میں سکیورٹی فورسز نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی کی عمارت میں موجود دہشت گردوں سے 2 روز تک مذاکرات ہوئے لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے، جس کے بعد عمارت میں آپریشن کی ذمہ داری سکیورٹی فورسز کو تفویض کی گئی تھی۔

 دوسری جانب سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر تمام دہشت گردوں کو ہلاک کئے جانے کے بعد سرچ آپریشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز بنوں میں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تھا اور اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بنوں میں سکول بند ہیں اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ علاقے میں موبائل فون سروس بھی مکمل طور پر بند ہے۔