ملتان: ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت میں مانگ، تانگ کر گزارہ کیا تھا، اگر صحیح معنوں میں معیشت کی بحالی چاہتے ہیں تو عمران کو بھاری مینڈیٹ دینا، بھاری مینڈیٹ دو گے تو پھر کسی بیساکھی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت میں رہ کر نیک نیتی سے عوام کی خدمت کی، آئندہ بھی اسی جذبے سےعوام کی خدمت کریں گے، پی ڈی ایم سرکار ہمیں مہنگائی کے طعنے دیتی تھی، گزشتہ 7 ماہ میں مہنگائی کم ہوئی ہے یا بڑھی ہے؟ بے روزگاری، مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے، ملک میں ڈالرکی قیمت بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ آج پیاز، ٹماٹر، آٹا کی قیمت کہاں سے کہاں پہنچ گئی، تحریک انصاف حکومت نے مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دیا تھا، ہماری حکومت میں ملک کی انڈسٹریز چل رہی تھیں، آج ملک کی لومز، ٹیکسٹائل انڈسٹریز بند ہو رہی ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی کارکردگی اتنی اچھی ہے تو پھر الیکشن سے فرار کیوں چاہتے ہیں، شیر تو اب گیدڑ ہوگیا ان کو الیکشن میں بلا پھینٹی لگائے گا۔