لاہور: (ویب ڈیسک) ملک دشمنوں کیخلاف کامیاب آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے 10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا، ایک کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ٓئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خفیہ معلومات پر سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا، ملک دشمن سکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ گوادر، ہوشاب ایم 8 روڈ پر بم نصب کرنے کے واقعات میں منسلک تھے۔
بیان کے مطابق جب سیکورٹی فورسز 12-14 دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کے بعد ناکہ بندی کی پوزیشنیں قائم کرنے کے عمل میں تھیں اسی دوران دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر شدید فائرنگ کر دی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، گرفتار ہونے والے دہشتگردوں سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا، جس میں آئی ای ڈیز بھی شامل ہیں۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
خیال رہے کہ 26 نومبر کو بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، یہ آپریشن بلوچستان میں دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کے خلاف کیا گیا جن کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے۔ آپریشن صبح 6 بجے کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز مارے جانے والے دہشتگردوں کی گزشتہ دو ماہ سے تلاش میں مصروف تھی، ان دہشتگردوں نے کوہلو بازار میں آئی ای ڈی بم دھماکا کیا تھا جس میں دو شہری شہید ہو گئے جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشتگرد سیل کو بھی ٹارگٹ کر کے نشانہ بنایا گیا ، ہلاک ہونے والے دہشتگرد بلوچستان میں مختلف عوامی ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئرز اور مزدوروں پر دہشتگردی کے حملے میں ملوث تھے۔ ہلاک ہونے سے قبل دہشتگرد کوہلو، کاہان اور میوند میں دہشتگرد حملوں کی تیاریوں میں مصروف تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سکیورٹی فورسز ملک دشمنوں کو ڈھونڈنے کے لیے سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔