راولپنڈی:( دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی سربراہی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ایٹمی کمانڈ اور کنٹرول اسٹرکچر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرزکانفرنس میں سیلاب کے بعدریلیف اور بحالی کےکاموں کا جائزہ لیا گیا اور سندھ، بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا، کانفرنس میں ایٹمی کمانڈاورکنٹرول اسٹرکچر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ذمہ دار ملک ہے اور پاکستان نے اپنی ایٹمی سکیورٹی رجیم مضبوط بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں، ملک کے اسٹریٹجک اثاثوں کے سکیورٹی انتظامات بھرپور ہیں۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے ملک کے دفاع کے لئے تیار ہے۔