اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فصائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کی کسی بھی مذموم مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے،جیو سٹریٹجک پیشرفت سے پوری طرح باخبر ہیں اور پاکستان کی خودمختاری، ملکی سالمیت اور پاکستانی سرحدوں کے دفاع کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ائیر ڈیفنس مشق کے مشاہدہ کے بعد افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ نے ایک آپریشنل ایئر ڈیفنس مشق کا انعقاد کیا جس کا مطمح نظر مستقبل کے عسکری چیلنجز کی مناسبت سے پاک فضائیہ اور پاک فوج کے ایئر ڈیفنس سسٹمز میں باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ مشق کا بنیادی مقصد جدید عصری تصورات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کائونٹر ایئر آپریشنز کی تیاریاں کرنا تھا۔ مشق پی اے ایف اور پاک فوج کے فضائی دفاعی اثاثوں کے انضمام پر مرکوز تھی جبکہ پی اے ایف کے آپریشنل عملے کو ممکنہ خطرات کے خلاف حکمت عملی تیار کرنے، مشق کرنے اور درست کرنے کی تربیت دی گئی۔
سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ایک آپریشنل ائیر ڈیفینس مشق کا معائنہ کیا۔ کمانڈ آپریشن سنٹر سے مشق کا مشاہدہ کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے جارحانہ (offensive) اور دفاعی (defensive) فورسز کی آپسی ہم آہنگی، اشتراک اور آرمی ائیر ڈیفنس کے ساتھ ان کی مشترکہ کارروائیوں کا معائنہ کیا تاکہ مستقبل میں کسی بھی حقیقی خطرے کے پیش نظر امپلائمنٹ کے جدید عسکری تصورات کو پرکھا جاسکے۔ مشق میں پاک فضائیہ کے آپریشنل اثاثہ جات بشمول لڑاکا طیارے، ایئر ڈیفنس ایلیمنٹس، فورس ملٹی پلائرز اور بیٹل مینجمنٹ سینٹرز نے حصہ لیا۔
قبل ازیں، سربراہ پاک فضائیہ نےاسی عسکری مشق کے تناظر میں ایک آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے آپریشنل کنسٹرکٹ کے تناظر میں پی اے ایف کے فضائی بیڑے میں نئے شامل کردہ ان مینڈ ایریل سسٹمز (Unmanned Aerial Systems) کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
عسکری ڈرونز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ صر حاضر میں ان مینڈ ایریل سسٹمز نے فورس ملٹی پلائرز کی حیثیت اختیار کر لی ہے جو جدید دور کے عسکری تنازعات اور جنگوں میں حتمی و فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ائیر چیف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عصر حاضر اور مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ہماری توجہ نیش ٹیکنالوجیز کے حصول، موثر تربیت اور بہترین انسانی وسائل کی سمارٹ انڈکشن کے ذریعے آپریشنل صلاحیتوں کی مسلسل جدت طرازی پر مرکوز ہے۔
ائیر چیف نے پاک فضائیہ کی مجموعی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور قوم کو یقین دلایا کہ پاک فضائیہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کی کسی بھی مذموم مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔