اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کے انتباہ کے بعد کہا ہے کہ میرا وعدہ ہے تم اسلام آباد میں چھپ نہیں سکو گے۔ رانا ثنا اللہ اپنی فکر کرو اب ہم تیاری کے ساتھ آئیں گے۔
پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی تنظیم اورعہدے داروں کومبارکباد دیتا ہوں، آزادی کبھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی قربانیاں اور جہاد کرنا پڑتا ہے،نظام پرقبضہ کرنے والے اس نظام سے اربوں، کھربوں پتی بن چکے ہیں،یہ لوگ ہمیں آرام سے آزادی نہیں دیں گے، تحریک پاکستان کے بعد حقیقی آزادی کی تحریک سب سے بڑی تحریک ہے، کلمہ پڑھنے کا مطلب ہم آزاد انسان اورصرف اللہ کومانتے ہیں،ہماری حکومت نے رحمت اللعامین اتھارٹی بنائی۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست میں پہلے فکری انقلاب آیا تھا، خوف کے بت کے سامنے جھکنا میری نظرمیں شرک ہے، میرے والدین کہتے تھے تم خوش قسمت ہو آزاد ملک میں پیدا ہوئے، آزاد انسان ہوں کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا، انسان جب ایمان لے آتا ہے تو اللہ اس کے خوف کے بت کو توڑ دیتا ہے، جو اپنے خوف پر قابو نہ پائے وہ کبھی بڑا آدمی نہیں بن سکتا، مرنے کا خوف، ذلیل اوررزق جانے کے تین بڑے خوف ہے، تینوں خوف انسان کو بزدل بنا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی تنظیم کو داد دیتا ہوں، 126دن دھرنے کے دوران بڑی اونچ، نیچ دیکھی، انشااللہ یوتھ ونگ، آئی ایس ایف کو پوری طرح آزماؤں گا، فارن پالیسی کو آزاد بنانا چاہتا ہوں تاکہ کسی اورملک کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکنے پڑیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، شریف، زرداری خاندان نے ڈرون حملوں کی اجازت دی تھی، جنگ ان کی لڑ رہے تھے اور ہمارے اوپر ہی بمباری دنیا میں ایسی مثال نہیں ملتی، روس سے ہم 5 ماہ پہلے گندم، گیس لینے کی بات کر چکے تھے، یہ آج بات کر رہے ہیں، یہ اپنے آقاؤں کی وجہ سے ڈررہے تھے، پاکستان میں پچاس سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ نے دھمکی دی ہے، میرا وعدہ ہے تم اسلام آباد میں چھپ نہیں سکو گے، 25 مئی کو ہماری تیاری نہیں تھی تم نے خواتین، بچوں پرظلم کیا۔ رانا ثنا اللہ فکر کرو اب ہم تیاری کے ساتھ آئیں گے، شہباز شریف ویسے ہی ڈرے ہوئے ہیں، فیصلہ میں کرونگا جب سمجھوں گا تنظیمیں تیار رہیں، ہفتے کے لیے اپنی توانائی بچالینا، اسلام آباد کی تنظیم کوہفتے والے دن چیک کرونگا کس تعداد میں آپ لوگ باہرنکلیں گے، گھر،گھرجاکرحقیقی آزادی کی تحریک کا پیغام پہنچانا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن کیسز میں ملوث خود ہی اپنے کیسز معاف کرا رہے ہیں، اپنے کرپشن کیسز معاف اور عوام مہنگائی میں ڈوب رہے ہیں، ملک میں مہنگائی 45 فیصد تک پہنچ گئی ہے، بجلی کے بم گرائے جا رہے ہیں، اس حکومت کا اقتدارمیں آنے کا مقصد اپنی چوری بچانا ہے، یہ اپنے بیرونی آقاؤں کے مطابق پاکستان کو چلا رہے ہیں، ہفتے والے دن تاریخی احتجاج ہو گا، ہفتے والے دن پورا زور لگانا ہے، ہفتے والے دن فیصلہ کرونگا کس دن کال دینی ہے، فیصلہ تب کرونگا جب سمجھوں گا میرے ٹائیگرتیار ہیں۔