اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آڈیو لیک ہونے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اچھا ہوا آڈیو لیک ہوئی، سائفر بھی لیک ہونا چاہیئے۔
پنجاب ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے آڈیو لیک ہونے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوا آڈیو لیک ہوئی، چاہتا ہوں سائفر کو پبلک کیا جائے۔
صحافی نے سوال کیا کہ آپ آڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ سائفر پر کھیلنا ہے؟ جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ ابھی تو میں نے اس پر صحیح کھیلا ہی نہیں ہے، اب یہ ایکسپوز کریں گے تو ہم کھیلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور دیگر نے یہ ویڈیو لیک کی ہے، میں چاہتا ہوں کہ سائفر لیک ہو جائے تا کہ قوم کو پتا چلے کتنی بڑی سازش ہوئی ہے۔
سائفر پر ہم نے صرف کھیلنا ہے، عمران خان کی بھی مبینہ آڈیو لیک
اس سے قبل مبینہ امریکی سائفر سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی آڈیو بھی لیک ہو گئی۔
عمران خان سائفر کے معاملے پر پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو حکمت عملی بتا رہے ہیں، آڈیو میں عمران خان کہہ رہے ہیں ہم نے صرف اس پر کھیلنا ہے، امریکہ کا نام نہیں لینا۔
اعظم خان نے کہا کہ سائفر پر ایک میٹنگ کر لیتے ہیں، شاہ محمود خط پڑھ کر سنائیں گے وہ پڑھ کرسنائے گا تو میں کاپی کر لوں گا، آرام سے تو آن ریکارڈ آجائے گی کہ یہ چیز ہوئی ہے۔
پرنسپل سیکرٹری نے مزید کہا سفارتی زبان میں اسے تھریٹ کہتے ہیں، پھر تجزیہ اپنی مرضی کے منٹس میں کردینگے تاکہ منٹس آفس کے ریکارڈ میں ہوں، تجزیہ یہ ہوگا کہ یہ سائفر تھریٹ ہے، دیکھیں پھر منٹس تو میرے ہاتھ میں ہیں نا، اپنی مرضی سے منٹس ڈرافٹ کرلیں گے تاکہ وہ چیزیں ریکارڈ میں آجائیں آپ یہ دیکھیں کہ وہ قونصلیٹ فارسٹیٹ ہیں، آپ فارن سیکرٹری کو بلائیں تاکہ پولیٹیکل نا رہے اوربیورو کریٹک ریکارڈ پہ چلا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ اس میٹنگ میں شاہ محمود ، آپ (اعظم خان) میں اورسیکرٹری خارجہ سہیل محمود ہوں گے، اینی ہاؤ، اسے فارن سازش بنا دیتے ہیں۔