وزیراعظم کا ترک صدر، یو اے ای کے وزیر سے ٹیلیفونک رابطہ، سیلاب متاثرین کی امداد پر شکریہ

Published On 11 September,2022 07:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے وزیر کلچر، نوجوانان اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں انہوں نے سیلاب متاثرین کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے ترک صدر سے پاکستان کیلئے سیلاب کے فوری بعد 12 طیاروں، 4 ٹرینوں اور 2 ٹرکوں کے ذریعے امدادی سامان کی فراہمی پر پاکستان کی حکومت اورعوام کی جانب سے ترک صدر اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان سچی روایات کے حامل مثالی تعلقات قرار دیا۔

انہوں نے یکم ستمبر کو ترکیہ صدر کی جانب سے خیرسگالی اور یکجہتی کے طور پر ترکیہ کے وزیر داخلہ سلمان سویلو وزیر ماحولیات اور اے ایف اے ڈی کے سربراہ مرات کورم پر مشتمل بھجوائے گئے وفد کے دورہ پاکستان پر بھی شکریہ ادا کیا۔

ترک صدر کو سیلاب سے ہونے تباہی سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ابتدائی تخمینوں کے مطابق پاکستان کی جی ڈی پی میں دو فیصد سے زیادہ کمی کا امکان ہے، سیلاب نے ملک میں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ کیں، لاکھوں گھر اور اہم انفراسٹرکچر کو تباہ کردیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اس صورتحال کے بعد ملک میں غذائی عدم تحفظ کے فوری چیلنج کا سامنا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ متاثرین کے رسکیو اور بحالی کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے ترک صدر کو حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کیا، انہوں نے خوراک کی کمی پر قابو پانے کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کیلئے ترکیہ کی جانب سے امداد کے حصول کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے وزیر کلچر، نوجوانان اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کو ٹیلی فون کرکے سیلاب متاثرین کے لئے بڑی مالی امداد کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا، سیلاب متاثرین کے لئے 10 ملین ڈالر دینے کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے انفرادی سطح پر اب تک کا سب سے بڑا عطیہ دیا ہے،ان کی فراخ دلانہ مدد کو اہل پاکستان ہمیشہ یاد رکھیں گے، شیخ نیہان نے پاکستانی عوام سے بے لوث محبت اور انسانیت کے لئے درد مندی کا ثبوت دیا ہے، آپ کی مدد سے سیلاب متاثرین کی زندگی بچانے، ریلیف اور بحالی میں بڑی مدد ملے گی۔

انہوں نے سیلاب سے ہونے والی تاریخی تباہی اور متاثرین کی مدد کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا، شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان سے یک جہتی کا اظہار کیا۔