وزیراعظم سے یورپین کونسل کے صدر کا ٹیلیفونک رابطہ، سیلاب سے نقصان پر اظہار افسوس

Published On 30 August,2022 11:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے یورپین کونسل کے صدر چارلس مشیل کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

صدر یورپین کونسل نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم نے یورپی یونین کے صدر کا اظہارِ ہمدردی اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے یورپی یونین کی جانب سے 2.15 ملین یورو کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

یورپی یونین کے صدر کو غیرمعمولی بارشوں سے پاکستان بھر میں ہونے والی وسیع پیمانے پر تباہی سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے انسانی جانوں، روزگار، مویشیوں، فصلوں، نجی املاک اور انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ دو ماہ سے زائد سیلاب کی زد میں آنے والے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

انہوں نے یورپی یونین کے صدر کو حکومت کی سیلاب متاثرین کیلئے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا جس میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں خوراک، ادویات اور امدادی سامان کی فوری ترسیل اور تقسیم شامل ہے، حکومت نے ملک بھر کے لوگوں کے لئے ایک ریلیف فنڈ بھی قائم کیا ہے اور بیرون ملک مقیم لوگوں کے لئے سیلاب کی امدادی کوششوں میں عطیات دینے کے انتظامات کئے ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی فلیش اپیل منگل کو شروع ہو گئی ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کی طرف سے اعلان شدہ فنڈنگ کو پورا کرنے میں اپنا حصہ ڈالے گی۔