لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جو لوگ ملکی مفادات کے خلاف بات کرتے ہیں یا لکھتے ہیں ان کو سخت سے سخت سزا دینی چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں چودھری شجاعت نے کہا کہ قومی مفاد کے خلاف اگر کوئی ثبوت ملے تو بڑے سے بڑا آدمی بھی رعایت کا مستحق نہیں ہونا چاہیے، ایسے لوگوں کو قوم بھی معاف نہیں کرے گی، اگرچہ سیلاب اس وقت قومی ایشو ہے جس سے عام آدمی بری طرح متاثر ہے، ہمیں ان ممالک کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہیے جنہوں نے سیلاب زدگان کی مدد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان محب وطن اوورسیز پاکستانیوں کا بھی شکریہ جنہوں نے بڑھ چڑھ کر امداد میں حصہ لیا، تمام پارٹیوں کے کارکن اختلافات بھلا کر سیلاب زدگان کی مدد و بحالی میں اپنا حصہ ڈالیں، سیاسی لیڈران ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں چاہے وہ کسی بھی پارٹی کے ہوں۔