اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام تر رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سرمایہ کاری پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء مفتاح اسماعیل، چوہدری سالک حسین، احسن اقبال معاونینِ خصوصی طارق فاطمی، ظفرالدین محمود اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں بالخصوص گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی 10 دن کے اندر وزیر اعظم کو تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کرکے پیش کرے گی.
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کار کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے، چینی ورکرز کے ویزا کے حصول میں تمام رکاوٹوں کی فوری حل کیا جائے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی چینی ورکرز کے ویزا میں سی پیک اور دوسری کمپنیوں کے وزکرز کی تفریق ختم کرکے ویزا کے طریقہ کار کو سہل اور تیز کیا جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو توانائی، انفرا اسٹرکچر، ریلوے، پورٹ انفراسٹرکچر اور دیگر منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں فوری طور پر ایک سے 2 ارب ڈالر کی کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔