راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی عالمی خطرہ ہے، یہ خطرہ علاقائی عدم استحکام کی صلاحیت رکھتا ہے، اس سے نمٹنے کے لئے مربوط ردعمل کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عراقی نیوی کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل احمد جاسم معارج عبداللہ نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق عراقی بحریہ کے سربراہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کیا اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل احمد جاسم معارج عبداللہ نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر سپہ سالارکا کہنا تھا کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، انسداد دہشتگردی کی جنگ میں عراقی قوم کی قربانیوں کا ادراک ہے، دہشت گردی عالمی خطرہ ہے، دہشتگردی کا خطرہ علاقائی عدم استحکام کی صلاحیت رکھتا ہے، دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے بہترین اور مربوط ردعمل کی ضرورت ہے۔