راولپنڈی: (دنیا نیوز) ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران کی آبائی علاقوں میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ گیریژن میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز نمازہ ادا کی، اس موقع پر گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی، وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزرا اور دیگر اہم و عسکری شخصیات کے علاوہ عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں فوجی افسران کے اہل خانہ سے ملاقات کی، علاوہ ازیں آرمی چیف زیارت میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل لیئق بیگ مرزا شہید کے اہل خانہ سے بھی ملے۔
کوئٹہ میں نماز جنازہ کے بعد لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہیدکا جسد خاکی راولپنڈی روانہ کردیا گیا، دونوں کی نماز جنازہ آج شام ساڑھے پانچ بجے آرمی قبرستان راولپنڈی میں بھی ادا کی جائے گی جس کے بعد شہدا کی پورے فوجی اعزاز کیساتھ تدفین کی جائے گی۔
علاوہ ازیں میجر جنرل طلحہ منان کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی، جس میں چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اور کور کمانڈر راولپنڈی ساحر شمشاد نے بھی شرکت کی۔
دریں اثنا میجر محمد سعید کی نماز جنازہ لاڑکانہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی، نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ شکر گڑھ نارووال میں ادا کی گئی، تینوں شہدا کی تدفین کے وقت گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔