راولپنڈی: (دنیا نیوز) بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کا رابطہ منقطع ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایک ہیلی کاپٹر ، جو بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر تھا، کا ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افراد ہیلی کاپٹر میں سوار تھے جو بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔ تلاش کا کام جاری ہے، مزید تفصیلات کیلئے انتظار کریں۔
A Pakistan army aviation helicopter which was on flood relief operations in Lasbela, Balochistan lost contact with ATC. 6 individuals were on board including Commander 12 Corps who was supervising flood relief operations in Balochistan. Search operation is underway.DTF
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) August 1, 2022
شہباز شریف
دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویشناک ہے۔ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لئے دعا گو ہے۔
بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویشناک ہے۔ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لئے دعا گو ہے۔ ان شاءاللہ
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 1, 2022
مریم نواز
اُدھر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ اللہ تعالیٰ تمام کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
OMG! May Allah keep them safe. Ameen. https://t.co/yz9M5Qi9ji
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) August 1, 2022
وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مکمل تعاون کی ہدایت
وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے لسبیلہ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے اوتھل سے کراچی جاتے ہوۓ لاپتہ ہونے پر انتہائی تشویش ہےدعا ہے کہ اللہ تعالئ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد اور عملے کی حفاظت فرما ۓضلعی انتظامیہ لسبیلہ اور پولیس کو ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیۓ تمام زرائع اور وسائل برؤے کار لانے کی ہدایت کی ہے
— Mir Abdul Quddus Bizenjo (@AQuddusBizenjo) August 1, 2022
ٹویٹر پر وزیراعلیٰ نے لکھا کہ انتظامیہ اور پولیس ریسکیو ٹیموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ مون سون بارشوں سے بلوچستان میں مزید 13 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اب تک 149 افراد جاں بحق اور 74 زخمی ہوئے ہیں، بارشوں سے 13 ہزار 975 مکانات کو نقصان پہنچا، 10 ہزار 429 مکانات کو بارشوں سے جزوی نقصان اور 3 ہزار 556 مکانات منہدم ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سیلابی صورتحال سے 16 پلوں اور 670 کلو میٹر شاہراہ کو نقصان پہنچا، بلوچستان میں 23 ہزار سے زائد مویشی بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہوئے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف آپریشن جاری ہے، متاثرہ اضلاع پشین، چمن ، قلعہ عبداللہ اور جھل مگسی میں امدادی سامان پہنچایا گیا، 4 ہزار کلو گرام آٹا، ایک ہزار لیٹر کوکنگ آئل، 50 کاٹن منرل واٹر اور 30 کاٹن کھجور تقسیم کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے مختلف اضلاع کا دورہ کیا تھا۔