منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز 7 ستمبر کو فرد جرم کیلئے طلب

Published On 30 July,2022 10:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی عدالت نے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 7 ستمبر کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کےخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔

دورانِ سماعت حمزہ شہباز کے وکیل نے سابق وزیراعلیٰ کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کیں۔

سماعت کے دوران شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ کل شہباز شریف اسلام آباد میں سرکاری میٹنگز میں مصروف تھے، گزشتہ رات وہ اسلام آباد سے لاہور آنے کے لیے تیار تھے لیکن موسم کی خرابی پر انہیں سفر سے منع کیا گیا۔

ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ انہیں شہباز شریف اور حمزہ کی حاضری معافی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ضمانت منظور ہوتے ہی ملزم نے عدالت میں پیش ہونا چھوڑ دیا ہے جب کہ ملزم ملک مقصود کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جمع کرادیا ہے، ملزم کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

دورانِ سماعت ایف آئی اے نے اشتہاری ملزم سلیمان شہباز کی جائیداد کا ریکارڈ بھی پیش کیا۔

بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کے لیے طلب کر لیا اور سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔