اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کے پٹرولیم کے شعبے میں غلط فیصلوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پچھلے 4 سال میں بجلی، گیس، پٹرول، ایل این جی سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لینے کے لیے کمیشن بنایا جائے گا، کمیشن کی کارروائی میڈیا کے لیے اوپن ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کی کابینہ کے غلط فیصلوں سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، عمران خان نے پچھلے چار سال میں انرجی سیکٹرکوتباہ کیا، کمیشن کی رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائے گی، عمران خان اور ان کے وزرا کمیشن کو اپنی صفائی پیش کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کے پٹرولیم کے شعبے میں غلط فیصلوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے گا، پاکستان بدترین توانائی کے بحران سے گزر رہا ہے، موجودہ حکومت کو آئے ہوئے دو ماہ ہوگئے، ہمیں یہ صورتحال ورثے میں ملی، ملکی معیشت کوبحال کرنے کے لیے مسلسل محنت کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اتنا بڑا چھید کر کے گئے دن رات محنت کر رہے ہیں، چند ماہ میں معیشت کو مستحکم بنائیں گے، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو ذمہ داران ہونگے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، لوڈشیڈنگ سے عوام اور صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سری لنکا جیسے فسادات سے بچنے کے لیے عمران خان کو نکالا گیا، عمران خان نے پاکستان کو بند گلی میں لاکر کھڑا کر دیا ہے، سابق وزیراعظم کی بدترین کارکردگی کے بعد آئی ایم ایف سے واک آؤٹ نہیں کر سکتے تھے، آئی ایم ایف نے کہا ہمیں آپ پر اعتماد نہیں ہے، عمران خان نے عالمی اداروں کے سامنے پاکستان کی ساکھ کو متاثر کیا، سابقہ حکومت نے گیس کے بروقت سودے نہیں کیے۔