ملک میں رواں سال کا ساتواں پولیو کیس رپورٹ

Published On 01 June,2022 04:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں ایک اور بچی پولیو وائرس کا شکار ہو گئی ہے جس کے بعد رواں برس پاکستان میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی ہے جن میں سے چھ کیسز شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی سے رپورٹ ہوئے۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کی 7 ماہ کی بچی وائرس کا شکار ہوئی ہے جس میں 2مئی کو معذوری رپورٹ ہوئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کا بایاں بازو اور دونوں ٹانگیں مفلوج ہوگئی ہیں۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں 2014 اور 2019ء کی طرز پر دوبارہ پولیو کی وبا پھوٹ پڑی ہے کیونکہ اُس دوران بھی پولیو کیسز رپورٹ ہورہے تھے، ہم اس وبا کے خاتمے کے لیے انتھک کوششیں کررہے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع بشمول شمالی و جنوبی وزیرستان، ڈی آئی خان، بنوں، ٹانک اور لکی مروت پولیو وائرس کے لیے حساس ہیں۔ بنوں سے رواں سال اپریل اور مئی کے دو ماحولیاتی نمونوں سے وائرس کی تصدیق ہوئی جو اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ پولیو وائرس کا پھیلاؤ شمالی وزیرستان تک محدود نہیں ہے۔