زیر بحث اسرائیلی دورے کا اہتمام غیر ملکی این جی او نے کیا: ترجمان دفتر خارجہ

Published On 29 May,2022 10:19 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ فلسطین کے معاملے پر پاکستان کا موقف واضح اور غیر مبہم ہے، زیر بحث اسرائیلی دورے کا اہتمام غیر ملکی این جی او نے کیا جو پاکستان میں مقیم نہیں۔

پاکستانی وفد کے مبینہ دورہ اسرائیل کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ نے بیان دیا کہ پاکستان کے کسی وفد کے اسرائیل کا دورہ کرنے کے تصور کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں، زیر بحث دورے کا اہتمام ایک غیر ملکی این جی او نے کیا تھا جو پاکستان میں مقیم نہیں، مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف واضح اور غیر مبہم ہے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسی میں کوئی ایسی تبدیلی نہیں آئی جس پر مکمل قومی اتفاق رائے ہو، پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی مستقل حمایت کرتا ہے، 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔