شہباز شریف جیسے ہی اقتدار سے باہر ہو گے تمہیں جیل میں ڈالیں گے: عمران خان

Published On 18 May,2022 07:27 pm

گوجرانوالا: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اورسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری ن لیگ پر بھاری ہے۔ شہباز شریف غلط فہمی میں نہ رہنا ہم نے تمہیں نہیں چھوڑنا، وہ وقت زیادہ دورنہیں تم جیسے ہی اقتدارسے باہر ہو گے تمہیں جیل میں ڈالیں گے۔عوام کا جذبہ جنون دیکھ کراب کوئی شک نہیں اسی ماہ اسلام آباد میں اپنی حقیقی آزادی کی جنگ جیت کرایک نیا پاکستان بنائیں گے۔

میں اسلام آباد پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے سب کو بلا رہا ہوں 

 گوجرانوالا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ 21 سال کرکٹ کھیلی لیکن سٹیڈیم میں اتنے زیادہ لوگ نہیں دیکھے، شانداراستقبال، جذبے، جنون پر دل سے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ماشااللہ میرا گوجرانوالہ اسلام آباد مارچ کے لیے تیارہے، یہ سیاست نہیں انقلاب آرہا ہے۔ سارے پاکستان کے بڑے، بڑے ڈاکو، مافیا ایک طرف کھڑے ہوگئے، اللہ کا شکرادا کرتا ہوں میری قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی۔

 انہوں نے کہا کہ جب قوم ،ایک قوم بن کر کھڑی ہوجائے اس کوانقلاب کہتے ہیں، کرپٹ مافیا لوگوں کا خون چوستے ہیں، مافیا کو بُری طرح شکست دیں گے۔ گوجرانوالا والو ! کیا اسلام آباد کے لیے تیار ہو، میں اسلام آباد پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے سب کو بلا رہا ہوں، پاکستان کے بڑے ڈاکوؤں کو اکٹھا کر کے پاکستان کی منتخب حکومت کوسازش کے تحت گرایا گیا، بتائیں یہ سازش تھی یا مداخلت ؟

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے شعور کو سلام پیش کرتا ہوں، پہلے سازش پھراس کے بعد مداخلت ہوتی ہے۔ یہ سمجھ رہے تھے جب بھی وزیراعظم کو نکالا جاتا ہے تو مٹھائیاں بانٹی جاتی ہیں، میری قوم مٹھائیاں بانٹنے کے بجائے سڑکوں پر نکل آئی، دو وجہ سے اسلام آباد بلا رہا ہوں، ایک امریکی سازش کو ناکام بنانا ہے، دوسرا ملک کے بڑے ڈاکو، قاتل، منشیات فروشوں سازش کرنے والوں کیخلاف نکلنا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری قوم زندہ اورآزاد ہے اس لیے سڑکوں پر ہے، جب ہماری حکومت ہٹائی گئی اس وقت ملکی دولت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا تھا، ہماری حکومت میں تاریخی ایکسپورٹ ہو رہی تھی، پچھلے نو ماہ میں 26 فیصد پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھی، ایوب خان کے دورکے بعد پاکستان کی انڈسٹری اٹھنا شروع ہوئی۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ 31 ارب ڈالر بھیجے، ہم نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، زیادہ ٹیکس اکٹھا ہونے پر حکومت نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں کو کم کیا تھا، دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں، ہم نے عوام پر کم بوجھ ڈالا، ہماری حکومت نے کسانوں کوپیداوارکا پورا معاوضہ دیا، ہمارے دوسالوں میں کسانوں کا سب سے زیادہ خوشحالی میں گزرا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں غربت اور تباہی پھیلی، کورونا کے دوران ہم نے معیشت اور لوگوں کوغربت سے بچایا، برصغیرمیں سب سے زیادہ روزگار پاکستان میں ملا، جب ہمارا ملک صیح راستے پر جا رہا تھا تو ڈاکوؤں نے امریکا کیساتھ ملکر ہماری حکومت گرائی، شہبازشریف نے بڑی محنت سے امریکیوں کے جوتے پالش کیے، امریکی سفارتکار خاتون کا مریم نوازنے ایسا استقبال کیا لگ رہا تھا وہ اسے کہے اس پرجوتے رکھ کر چلو۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ آصف زرداری آج کل بڑا خوش ہیں، آصف زرداری ساری گالیاں ن لیگ کو پڑنے پر بڑا خوش ہے، آصف زرداری پیسے بنارہا ہے اور گالیاں ن لیگ کوپڑ رہی ہیں، واقعی زرداری تم (ن) لیگ پر بھاری اور ان سے اچھا بدلہ لے رہے ہو، چیری بلاسم امریکی سفارتکاروں کے جوتے پالش کرتا ہے، چیری بلاسم فوجی بوٹ ایسے پالش کرتا ہے کہ اسے اپنی شکل نظر آتی ہیں، شہبازشریف وزیراعظم تو بن گیا ہے اب سے سمجھ نہیں آ رہی، شہبازشریف کو اچکن سلوانے کا بڑا شوق تھا اب عوام کوجواب دو۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بزدل نوازشریف دوسری دفعہ ملک چھوڑ کر بھاگا ہے، دونوں بھائی اب پھنس گئے، آگے سمندر اور پیچھے عمران خان کھڑا ہےخ آگے جاتے ہیں تو سمندر تو پیچھے عمران خان عوام کو لیکر کھڑا ہے، مسلم لیگ والو سن لو آپ لوگوں کو 30 سال ہر بار بچایا گیا، 30 سال سے دونوں بھائی ظلم کر رہے تھے، کان کھول کرسن لو ڈاکوؤ تمہارا وقت آگیا عوام کا سمندرتمہیں بہالے جائے گا۔ شہباز شریف سے لوگ پوچھتے ہیں اے کی کیتاخ اے پھنسوا دیا سانوں، شہباز شریف کو اس لیے جلدی تھی ایف آئی اے کیس میں سزا ہونے والی تھی، شہباز غلط فہمی میں نہ رہنا ہم نے تمہیں نہیں چھوڑنا، ڈاکٹررضوان تمہاری وجہ سے مرا، شہباز شریف وقت زیادہ دورنہیں تم جیسے ہی اقتدارسے باہرتمہیں جیل میں ڈالیں گے، تمہارے کیس کو وہی سے شروع کریں گے۔ 30سال بعد اسمبلی ڈیزل کے بغیرچل رہی تھی، اب یہ پھرڈیزل کولے آئے ہیں، سپریم کورٹ کولوٹوں کوفارغ کرنے پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ شکرہے اللہ کا گوجرانوالا سے کوئی لوٹا نہیں ہوا، جنوبی پنجاب سے بڑے لوٹے ہوئے، پرسوں ملتان لوٹوں کا بندوبست کرنے جا رہا ہوں، جنہوں نے حلقوں سے غداری کی شکریہ سپریم کورٹ ان کو فارغ اور ذلیل بھی کیا۔ جب سب نے مل کر میری حکومت گرائی تو صحافی نے پوچھا کون، کون شامل تھے تو میں نے کہا تھا کوئی نہیں رہ گیا سب ایک طرف چلے گئے، سب مافیا نے ملکر مجھے گرایا، گھر پہنچا تو سوچ رہا تھا لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے، سوشل میڈیا پر جو کچھ دیکھا ہاتھ اٹھا کر اللہ کا شکر ادا کیا تو نے میری قوم کو جگا دیا، وزارت عظمیٰ تو کچھ نہیں، اسے جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں، اللہ نے میری قوم کو جگا دیا، ایک قوم بننے پر ہم سب کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، جب ہم ایک قوم بن جائیں گے تو ہمارے لیے قرضے واپس کرنا کوئی مشکل نہیں ہوگا،2010سیلاب کے دوران قوم نے ملکرمشکلات کا سامنا کیا، انشااللہ ہم ایک قوم بن کر پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے، 26سال پہلے وعدہ کیا تھا کبھی جھکا اورنا کبھی عوام کوجھکنے دوں گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ گوجرانوالا کی بہنوں، بچوں، فیملیزنے اسلام آباد آنا ہے، حقیقی آزادی کے لیے سب نے باہر نکلنا ہے، اللہ کے سوا کوئی خدا نہیں، ہم امریکا کے سامنے نہیں جھکیں گے، ہم پیارے نبی ﷺ کے امتی ہیں، یہاں کا جذبہ جنون دیکھ کراب کوئی شک نہیں انشااللہ اسی ماہ اسلام آباد میں اپنی حقیقی آزادی کی جنگ جیت کرایک نیا پاکستان بنائیں گے،عمران خان حقیقی آزادی مارچ کی پرفارمنس دیکھ کر گوجرانوالا کے ممبران کو ٹکٹ دوں گا، اسلام آباد جانے کے لیے ڈرو گے تو نہیں، پولیس کی فکر نہ کرنا اب حمزہ شہباز کو اچکن اتارنا پڑے گی، اب تو پولیس اورسرکاری افسران کی فیملیزبھی ہمارے ساتھ اسلام آباد جائیں گی، ابھی سے اسلام آباد کی تیاری کر لو، مجھے اتنا پتا ہےمیری فوج کی فملیزبھی انشااللہ اسلام آباد جائیں گی۔

جمعہ کو اسلام آباد کی کال دوں گا، وکلا نے میرے ساتھ جانا ہے: عمران خان

لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا نے سازش کے تحت چوروں اور لٹیروں کو مسلط کر دیا، غلامی نامنظور، پاکستان کو خود مختار اور غیر ت مند قوم بنانا ہے، وکلا برادری حقیقی آزادی کیلئے نکلے۔ جمعہ کو ملتان کے جلسے میں اسلام آباد کی کال دوں گا، تمام وکلا نے میرے ساتھ اسلام آباد جانا ہے.

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ ہے جب تک وکلا شامل نہ ہوں تحریک کامیاب نہیں ہوتی، تحریک پاکستان کو وکلا نے کامیاب کرایا تھا، حقیقی آزادی کی تحریک میں وکلا نے مل کر ساتھ دینا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد جانے کے لیے سب کو دعوت دے رہا ہوں، جمعہ کو ملتان کے جلسے میں اسلام آباد کی کال دوں گا، تمام وکلا نے میرے ساتھ اسلام آباد جانا ہے، رجیم تبدیل کر کے لٹیروں کو مسلط کیا گیا، یہ ہمیں روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے، مجھے وکلا کی ضرورت ہے، لاہور بار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کے بیٹوں پر 40 ارب منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں، دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنے کیسز کو ختم اور این آراو دلوائے، وکلا کو چوروں کے خلاف سپریم کورٹ، ہائی کورٹ جانا چاہیے، اگر بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑنا تو پھر چھوٹے چوروں کو جیلوں میں کیوں ڈالتے ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کے لیے جہاد میں شرکت کے لیے وکلا کو دعوت دیتا ہوں، ہمیں اللہ کی زمین پر انصاف قائم کرنا چاہیے، اس تحریک کو کامیاب کرنے کے لیے وکلا کا ساتھ چاہیے، جس ملک میں قانون کی حکمرانی ہو وہاں کبھی خوشحالی نہیں آسکتی، ہماری تحریک ان چوروں کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دے گی، امریکا کی غلامی سے ہمیشہ کے لیے آزادی مل جائے گی، جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہو وہاں کبھی خوشحالی نہیں آسکتی، آپ میرے لیے نہیں اپنے اور بچوں کی حقیقی آزادی کے لیے نکلیں۔

مجرموں کے ٹولے نے میری ٹیم کے عظیم کام پرپانی پھیردیا،عمران خان

پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ این آر او 2 کواولین ترجیح بنانے والے مجرموں کے ٹولے نے میری ٹیم کے عظیم کام پرپانی پھیر دیا۔

عمران خان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ جب امریکی حمایت سے حکومت تبدیل کرنے کی سازش کی گئی اوراس کے ذریعے پی ٹی آئی کی حکومت کو ہٹایا گیا تو ہم 6 فیصد معاشی شرح نمو کے حصول کے قریب تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این آر او 2 کو اپنی اولین ترجیح بنانے والے مجرموں کے اس ٹولے نے میری ٹیم کے کئے گئے سارے عظیم کام پرپانی پھیر دیا ہے۔