لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پورے ملک میں الیکشن ہونے چاہئیں، مرکز میں صدر مملکت کسی بھی وقت شہباز شریف کو اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں، کل پیٹیشن دائر کر رہے ہیں، حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب نہیں رہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ میری نظرمیں اس وقت شہباز شریف کے پاس 172ووٹ نہیں، اس وقت سیاسی بحران ہیں، اگر سیاسی بحران ٹھیک ہوگا تو معاشی بحران ٹھیک ہوگا، سیاسی بحران حل کرنے کی واحد صورت آزادانہ الیکشن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف، حمزہ شہباز نے جو چورن بیچا تھا جس نے کھایا بدہضمی ہوگئی ہے، انہوں نے معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا ہے، حکومتی وزرا کی آنکھوں میں آنسو ہے وہ کہہ رہے ہیں کدھر بٹھا دیا ہے، حکومت کے آخری دن چل رہے ہیں ان کو زیادہ ضد نہیں کرنی چاہیے، عمر چیمہ صبح اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے، امید ہے عمر چیمہ گورنر ہاؤس واپس آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم خود ہی عدالت سے رجوع کر رہے ہیں، پورے ملک میں کوئی حکومت نہیں ہے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے درخواست ہوگی جلد فیصلہ کریں تاکہ بحران کا خاتمہ ہو، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب میرٹ سے ہٹ کر فیصلوں کو ریورس کریں، اگر غیر قانونی تعنیاتیوں کو جاری رکھا گیا تو ہم کارروائی کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے نہیں پتا اسٹیبلشمنٹ اس وقت دباؤ ڈال رہی ہے، میڈیا، اسٹیبلشمنٹ سمیت سب چاہتے ہیں بحران حل ہو، سپریم کورٹ کے کبھی فیصلے صحیح اور کبھی غلط ہوتے ہیں، جو فیصلے غلط ان پر تنقید ہوگی، بھٹو کے کیس کو ہم صحیح فیصلہ تو نہیں کہہ سکتے، الیکٹرول ریفارمز پر بات ہوسکتی ہے لیکن الیکشن کی تاریخ کا پہلے اعلان ہونا چاہیے، ستمبر میں الیکشن ہو سکتے ہیں۔