مفتاح اسماعیل کو خزانہ، احسن اقبال کو منصوبہ بندی کی وزارت مل گئی

Published On 19 April,2022 01:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز حکومت کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ، احسن اقبال کو منصوبہ بندی کا قلم دان سونپا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ رانا ثنااللہ کو وزارت داخلہ سونپی گئی ہے، مریم اورنگزیب کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے فرائض نبھائیں گی۔ شاہ زین بگٹی نے وفاقی وزیر انسداد منشیات کا قلمدان سنبھال لیا ہے۔ اسعد محمود وزیر مواصلات، طلحہ محمود کو وزیر سیفران کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ مفتی عبدالشکور کو مذہبی امور کی وزارت دے دی گئی۔ امین الحق نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا چارج سنبھال لیا۔ مولانا عبدالواسع کو وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ جبکہ اعظم نذیر تارڑ کو وفاقی وزیر برائے قانون مقرر کر دیا گیا۔

قبل ازیں 37 اراکین پر مشتمل وفاقی کابینہ نے آج ایوان صدر میں حلف اٹھایا، صدر مملکت عارف علوی نے حلف لینے سے انکار کر دیا تھا جس کے سبب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بطور قائم مقام کابینہ سے حلف لیا۔ کابینہ میں 31 وفاقی وزرا، 3 وزرائے مملکت اور 3 مشیر شامل ہیں جس میں مسلم لیگ ن کے 13، پیپلزپارٹی کے 9 ارکان شامل ہیں جبکہ جے یو آئی 4، ایم کیوایم کے 2 ارکان کو بھی وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے۔