وزیراعظم نے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس سروس کا افتتاح کر دیا

Published On 18 April,2022 10:47 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے رمضان میں مفت سروس کی سہولت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی ملکی معیشت کیلئے بڑا چیلنج ہے، سابق حکومت کو غریب سے کوئی غرض نہیں تھی، بدقسمتی سے ملکی اخراجات قرضوں پر چل رہے ہیں، اسلام آباد کے شہریوں کو یہ تحفہ نواز شریف نے 2017 میں دیا، اس منصوبے کو 2018 میں آپریشنل ہونا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت بدلنے پر یہ منصوبہ بھی دیگر کی طرح تاخیر کا شکارہوا، منصوبے کا اصل تخمینہ 16 ارب تھا، منصوبےمیں تعطل کی کوئی وجہ نہیں تھی، منصوبے کیلئے فنڈز موجود تھے،کمی تھی تو کام کرنے کی، ان کو عوام کا درد ہوتا تو یہ منصوبہ 4 سال تو کیا 4 گھنٹے بھی تاخیر کا شکار نہ ہوتا، بدقسمتی سے ملکی اخراجات قرضوں سے چلا رہے ہیں، سابق وزیراعظم کے پاس ہیلی کاپٹر، وزرا کے پاس بلٹ پروف گاڑیاں تھیں، سابق حکمرانوں کو عوام سے کوئی غرض نہیں تھی، ان کو کیا غرض تھی کہ غریب کے بچے نے اسکول جانا ہے۔