اسلام آباد:(دنیا نیوز) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے عدم اعتماد کی قرارداد نمٹاتے ہوئے ایوان کی کارروائی ملتوی کرنے کے بعد متحدہ اپوزیشن نے اپنا قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد کیا، لیگی رہنما ایاز صادق اسپیکر کی نشست پر براجمان ہوئے اور وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد منظور کرلی، 197 ارکان نے تحریک کے حق میں ووٹ دیدیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ اسپیکر نے آئین کی صریحاً خلاف ورزی کی ہے، یہ ایوان اسپیکر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرے، ایوان میں عمران خان کے خلاف ووٹنگ کے بعد تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی، منحرف ارکان سمیت ایک سوپچانوے ارکان نے عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالا۔
اس موقع پر ایاز صادق نے اعلان کیا کہ تحریک عدم اعتماد کے حق میں 197 ووٹ پڑے ہیں، اجلاس چھ اپریل شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔