اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس بائیس اور تئیس مارچ کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے، اجلاس میں اڑتالیس سے زائد ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ بھارتی ہائی کمیشن او آئی سی اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کا تھیم شراکت داری برائے اتحاد و انصاف ہے، اجلاس کا مرکز کشمیر، فلسطین، افغانستان، اسلاموفوبیا، مسلم امہ کے مسائل اور اتحاد و اتفاق ہو گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں میزائل گرنے کے حوالے سے بھارتی وزیر دفاع کا جواب ناکافی ہے، واقعے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھ دیا ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن او آئی سی اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جرمنی کی وزیر خارجہ آئندہ ماہ پاکستان آرہی ہیں،پاکستان یوکرین کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد بھجوا رہا ہے۔