اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ نے ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا وفد زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچ گیا، جہاں پر پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں سابق وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی، سیّد مراد علی شاہ، سیّد ناصر حسین شاہ، سعید غنی، شرجیل میمن، رخسانہ بنگش، عامر خان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر، خواجہ اظہار اور جاوید حنیف شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کی قیادت کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جماعتوں نے ملکی وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے سے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کے تمام تر نکات سے بھی اتفاق کیا ہے۔
ایم کیو ایم کل شہباز شریف سے ملاقات کرے گی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد کل مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کرے گا۔