منی لانڈرنگ کا مقدمہ: شہباز اور حمزہ کی عبوری ضمانتوں میں 10 فروری تک توسیع

Published On 01 February,2022 10:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی اسپشل سینٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں نامزد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 10 فروری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر چالان کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسپشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ حمزہ شہباز نے عدالت پیش ہو کر حاضری لگوائی تاہم شہباز شریف کورونا کے باعث پیش نہیں ہوئے اور حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔

عدالتی استفسار پر وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف کو کورونا کا شکار ہوئے سات روز گزر چکے ہیں، کل دوبارہ ٹیسٹ ہوگا۔ ایف آئی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے پیش نہ ہونے پر عدالت ضمانت کینسل کرسکتی ہے۔

دوران سماعت ایف آئی اے کے وکیل نے بیان دیا کہ وہ درخواست ضمانت پر بحث کے لیے تیار ہیں، ملزمان کے وکیل نے کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں دس فروری تک توسیع کر دی۔