جنید صفدر کی شادی: مریم نواز اور حمزہ شہباز کی گلوکاری کی ویڈیو وائرل

Published On 06 December,2021 05:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور مریم نواز کی گلوکاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

یاد رہے کہ مریم نواز کے صاحبزادے کا نکاح رواں برس اگست میں لندن میں احتساب بیورو کے سابق چیئرمین سیف الرحمٰن کی صاحبزادی عائشہ رحمٰن سے ہوا تھا۔

جنید صفدر اور عائشہ سیف خان کا نکاح لندن میں اگست میں ہوا تھا، عائشہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی سیف الرحمن خان کی بیٹی ہیں، جو 1997 میں احتساب بیورو کے چیئرمین رہے تھے۔

اس حوالے سے چند دن قبل جنید صفدر نے انسٹاگرام پر ولیمے کا دعوت نامہ شیئر کیا تھا، جس میں ان کی اہلیہ کے ہمراہ تصویر موجود تھی اور اس پر 17 دسمبر 2021 کی تاریخ درج تھی۔

نکاح کے چند ماہ بعد گزشتہ شب مریم نواز کے کزن حمزہ شہباز شریف نے جنید صفدر کی شادی کی ایک تقریب میں منعقد کی، جس میں دونوں خاندان کے افراد کے علاوہ ن لیگ کے سیاستدانوں نے بھی شرکت کی۔

لاہور میں رہائش گاہ پر منعقد کی گئی تقریب میں حمزہ شہباز نے بھی گانے گائے جبکہ مریم نواز نے بھی تقریب کے دوران گلوکاری کے جوہر دکھائے۔

حمزہ شہباز نے ہمیں تم سے پیار ہے کتنا، ہم نہیں جانتے اور چاندنی رات کو گاکر محفل لوٹی اور یہ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

سوشل میڈیا پر لوگوں نے حمزہ شہباز کی گلوکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ گلوکاری کے معاملے میں بھی وہ خاندان کے دیگر افراد پر گئے ہیں۔

شادی کی تقریب کے دوران مریم نواز کی جانب سے بھی گانا گانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور لوگوں نے ان کی آواز کو سراہا۔

مریم نواز نے تم دینا ساتھ میرا، او میرے ہمنوا گانا گایا، تاہم ان کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں ان کا چہرہ دکھائی نہیں دیتا۔

شادی کی تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں مریم اورنگزیب سمیت ن لیگ کے دیگر رہنماؤں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ن لیگ نے تصدیق کی ہے کہ جنید صفدر کی شادی کی استقبالیہ تقریب 14 دسمبر کو اسلام آباد جب کہ ولیمے کی تقریب 17 دسمبر کو لاہور میں ہوگی۔